جمعہ سید الایام ہے، جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے۔سنن ابن ماجہ کی ایک حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جمعہ کادن عیدالاضحی اور عید الفطر سے بھی افضل ہے۔حضرت ابولبابہ رضی اللّٰہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا کہ جمعہ کادن تمام دنوں کاسردار ہے، اللّٰہ کے یہاں اس کی عظمت سب سے زیادہ ہے وہ اللّٰہ کے یہاں عیدالاضحی اورعیدالفطر کے دن سے بھی زیادہ عظمت والا ہے۔ اس میں پانچ باتیں ہیں : اس دن اللّٰہ تعالیٰ نے حضرت آدم علیہ السلام کوپیدا فرمایا، اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کو زمین پراتارا، اسی دن حضرت آدم علیہ السلام فوت ہوئے، اس دن میں ایک ایسی گھڑی ہوتی ہے کہ بندہ اللّٰہ سے جو کچھ مانگے اللّٰہ اس کوعطا فرماتاہے، جب تک کسی حرام چیز کاسوال نہ کرے، اسی دن قیامت قائم ہوگی۔ ہرمقرب فرشتہ، آسمان،زمین، تمام ہوائیں،پہاڑ اورسمندرجمعہ کے دن سے ڈرتے رہتے ہیں۔اس روایت کی سند حسن درجہ کی ہے۔
جمعہ کے دن غسل کرنے کاحکم
حضرت ابوسعیدخدری رضی اللّٰہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جمعہ کے دن ہربالغ کے لیے غسل کرنا واجب ہے۔اس حدیث کو امام بخاری رحمۃ اللّٰہ علیہ نے صحیح بخاری میں نقل فرمایا ہے۔
مسند ابی یعلی کی روایت میں جمعہ کا غسل ہرمسلمان پر واجب فرمایاگیا ہے۔
صحیح بخاری کی حدیث میں حضرت ابوہریرہ رضی اللّٰہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا کہ اللّٰہ تعالیٰ کاہرمسلمان پر حق ہے کہ ہرسات دن میں ایک دن غسل کرے اوروہ جمعہ کادن ہے۔
No comments:
Post a Comment